لندن27جون؍(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عظیم بلے باز سچن تندولکر نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کی دائمی الیون میں جگہ بنانے والے واحد ہندوستانی کرکٹر ہیں۔میک کولم کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے ویوین رچرڈز کو منتخب کیا ہے۔میک کولم نے اننگز کا آغاز کرنے کے لئے سلامی بلے بازوں کے طور پر کرس گیل اور سچن تندولکر کو منتخب کیا ہے۔آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اس ٹیم میں تیسرے نمبر پر بلے بازی کریں گے جبکہ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ، شین وارن اور مشیل جانسن کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔گزشتہ سال فروری میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے والے 34سال کے میک کولم نے ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں رچرڈز، برائن لارا اور گیل جبکہ نیوزی لینڈ کے دو کھلاڑیوں ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔جنوبی افریقہ کے جیک کیلس بھی ٹیم میں شامل ہیں۔’’لارڈسوارجی‘‘نے میک کولم کے حوالے سے کہا کہ میں ٹاپ آرڈر میں کسی طوفانی بلے باز کو چاہتا تھا۔کرس گیل آپ کو اس سے بہتر نہیں مل سکتا۔اپنے آخری میچ میں سب سے تیز ٹیسٹ سنچری کا ریکارڈ بنانے والے میک کولم نے کہا کہ بیشک سچن طویل بلے بازی کر سکتا ہے۔پونٹنگ کے اعداد و شمار بھی شاندار ہیں،وہ اپنے طور پر میچ کا رخ بدل سکتا ہے اور اگر دو وکٹ جلدی گر جائے تو بھی وہ آکر اپنے شاٹ کھیلتا ہے اور جارحانہ رویہ اپناتا ہے۔